پیرس(آئی این پی )فرانس کے وزیراعظم فرانسوا بیرو نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت 8 ستمبر کو قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ طلب کرے گی۔ اس اقدام کو ملک میں بڑھتے ہوئے عوامی قرضے کے بحران کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جو ان کی اقلیتی حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی امتحان بن سکتا ہے۔بیرو نے پیرس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں نے صدر سے درخواست کی ہے، اور انہوں نے منظوری دے دی ہے، کہ پیر 8 ستمبر کو پارلیمنٹ کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے۔ ان کے مطابق حکومت تقریبا 44 ارب یورو( 51 ارب ڈالر) سالانہ بچت کے اقدامات کرنے جا رہی ہے تاکہ فرانس کے مالیاتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔وزیراعظم کے اعلان کے فورا بعد ہی دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت نیشنل ریلی (آر این ) کے رہنما جارڈن بارڈیلا نے واضح کر دیا کہ ان کی جماعت مجوزہ کٹوتیوں کی حمایت نہیں کرے گی۔