وقت آیا تو الیکشن لڑیں گے ،ہمارے خاندان کا کیس حل نہیں ہوا ہم انصاف کیلئے گھوم رہے ہیں
موجودہ پیر پگارا میرے والد کے قریبی دوست رہے ہیں میں ان کو سپورٹ کروں گا، الیکشن کے وقت الائنس بن جائے تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہم کسی پارٹی میں شمولیت نہیں کریں گے، میڈیا سے گفتگو
حیدر آباد(آئی این پی )میر مرتضی بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا ہے کہ میں منافق نہیں ہوں کہ جن کو قاتل کہوں اور پھر ان سے مل جائو ں، ہمارے پاس محنتی لوگ ہیں اگر وقت آیا تو الیکشن لڑیں گے۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں ذوالفقار بھٹو جونیئرکا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں چند لوگ ہیں جو عوام کیلئے کام کرتے ہیں، باقی سب امیروں کیلئے رتے ہیں، ہمارے خاندان کا کیس تاحال حل نہیں ہوا ہم انصاف کے لئے گھوم رہے ہیں۔ ذوالفقار بھٹو جونیئرکا کہنا تھا کہ الیکشن لڑنے کے لیے ہمارے پاس وسائل نہیں جس طرح پیپلز پارٹی کے پاس ہیں، ہم نے ذوالفقار علی بھٹو رابطہ کمیٹی بنائی ہے، میں باقی سیاست دانوں کی طرح منافق نہیں ہوں، میں کسی کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پیر پگارا میرے والد کے قریبی دوست رہے ہیں میں ان کو سپورٹ کروں گا، الیکشن کے وقت الائنس بن جائے تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن ہم کسی پارٹی میں شمولیت نہیں کریں گے۔