اسکاٹ لینڈ (نیٹ نیوز) ایک جزیرے میں 3 دہائیوں سے زائد عرصے بعد پہلی بار ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔نارتھ رونالڈسے نامی جزیرے میں 34 برسوں میں پہلی بار ایک بچے کی پیدائش ہوئی۔ڈنکن وائلڈر تھورسٹن سوریز فورڈ کی پیدائش 15 ستمبر کو ہوئی۔اس کی والدہ ایلس ٹریل فورڈ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا گیا کہ یہ اسکاٹ لینڈ کا وہ جزیرہ ہے جو شمالی کونے پر واقع ہے، جبکہ یہ محض 3 میل لمبا اور 2 میل چوڑا ہے۔ایلس فورڈ اور ان کے شریک حیات جورگی سوریز کوسٹا ریکا اور نارتھ رونالڈسے کے درمیان وقت گزارتے ہیں۔ان کی خواہش تھی کہ بیٹے کی پیدائش کوسٹا ریکا میں ہو، مگر ایسا نہ ہوسکا۔درحقیقت خاندان نے تو کوسٹا ریکا جانے کی ٹکٹیں بھی لے لیں تھی۔ایلس فورڈ نے بتایا کہ ان کے خاندان نے اس جزیرے کو 1727 کو خریدا تھا اور بیٹے کی یہاں پیدائش بہت خاص اور جادوئی لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 'اس جزیرے سے لگاؤ کے باعث میں ہر سال یہاں واپس آتی ہوں'۔اسکاٹش حکومت کے 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق اس جزیرے کی آبادی 72 افراد پر مشتمل ہے مگر ایلس فورڈ نے بتایا کہ ابھی وہاں 51 افراد رہائش پذیر ہیں۔تو یہاں کسی بچے کی پیدائش اتنے طویل عرصے سے کیوں نہیں ہوئی؟ایلس فورڈ کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ طبی سہولیات کی عدم دستیابی ہے کیونکہ یہاں کوئی ڈاکٹر یا اسپتال نہیں، بس ایک نرس مقیم ہے۔