کیش ڈلیوری ، کوریئر گاڑیاں روٹ پرمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیررواں دوا ں
لاہور( خصوصی رپورٹ )لاہور میں کمرشل گاڑیوں کے حوالے سے ٹرانسپورٹ نظام کی سنگین غفلت سامنے آگئی۔کیش ڈلیوری اور کوریئر سروس کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر شہر کی سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ذرائع کے مطابق ان گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کبھی بنائے ہی نہیں گئے، جبکہ لازمی فٹنس سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں۔صورتحال یہ ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے بھی متعلقہ گاڑیوں کے مالکان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔روٹ پرمٹ اور فٹنس دستاویزات نہ ہونے کے باعث یہ کمرشل گاڑیاں باقاعدہ قانونی دائرہ کار سے باہر چل رہی ہیں، جبکہ حکومت کو متعلقہ فیسوں کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن سے بھی محرومی کا سامنا ہے۔فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے گاڑیوں کی تکنیکی حالت اور سڑکوں پر محفوظ آپریشن کی باقاعدہ جانچ بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس اور ٹرانسپورٹ افسران بھی کیش ڈلیوری وینز کے خلاف کارروائی میں احتیاط برتتے ہیں، کیونکہ کسی ناگہانی صورتحال کے خدشے کے باعث کارروائی سے گریز کیا جاتا ہے۔دوسری جانب فٹنس کی جانچ نہ ہونے والی کمرشل گاڑیوں کو فضائی آلودگی میں اضافے کا ایک سبب بھی قرار دیا جا رہا ہے۔