بشام میں موسلادھار بارشوں سے تباہی ، سیلابی ریلے میں 2 بچے بہہ گئے،ایک خاتون زخمی
30 ستمبر تک بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا ‘پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ہے:این ڈی ایم اے
اسلام آباد‘شانگلہ (آئی این پی)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوارہوگیا۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے،چنیوٹ میں ہلکی پبارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ کوٹ ادو‘لیہ ،کروڑ لعل عیسن، فتح پور ،بھکر شہر اور گردونواح میں بارش ہوئی‘شانگلہ کے تحصیل بشام میں آسمائی بجلی گرنے اور موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی، اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں 2 بچے بہہ گئے ایک خاتون زخمی ہوگئی جبکہ رہائشی مکانات، پولیس سٹیشن بشام سمیت متعدد عمارتوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ سیلابی ریلے سے درجنوں گاڑیاں متاثر، بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹ گئیں‘ شاہراہ قراقرم بھی بشام کے مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں، مٹی اور پتھروں کے باعث متاثر ہوئی ‘شانگلہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، بالائی علاقوں میں ژالہ باری موسم سرد ہوگیا‘نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، ژالہ باری اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آئے گی، جس سے پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے۔