سنگین نوعیت کے کیسز اور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اپنے دفتر میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن، ڈی ایس پیز انویسٹی گیشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں پینڈنگ مقدمات، سنگین نوعیت کے کیسز اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ خواتین سے زیادتی، ظلم و تشدد اور ہراسگی کے مقدمات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور بیرون ملک فرار ملزمان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے سپروائزری افسران سے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ طلب کی اور کہا کہ فنانشل کرائم کے نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات کو یکسو کیا جائے۔ تمام تفتیشی افسران مضبوط شواہد کی بنیاد پر چالان تیار کریں تاکہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔