بیوی نے بیٹے سے ملکر شوہر مارڈالا، دونوں گرفتار

 ارشاد بی بی نے50سالہ رفیق کو ملک شیک میں نشہ آور گولیاں دیں 
 ہوش ہونے پر گلہ دبا دیا،طبعی موت ظاہر کی ، اعتراف جرم کرلیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) ہنجروال کے علاقے میں اندھے قتل کی واردات کا معمہ حل کرلیا گیا۔ پولیس نے مقتول کی بیوی ارشاد بی بی اور پندرہ سالہ بیٹے مجاہد کو گرفتار کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق 50 سالہ رفیق ہنجروال بارہ اسٹریٹ میں اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ارشاد بی بی کا چھ ماہ سے دولت خان نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلق تھا، جس کی وجہ سے گھر میں جھگڑے معمول بن گئے تھے۔ ارشاد بی بی نے اپنے بیٹے مجاہد کے ساتھ مل کر مقتول کو ملک شیک میں نشہ آور گولیاں دیں اور بے ہوش ہونے پر گلہ دبا کر قتل کیا۔ بعد ازاں واقعے کو طبعی موت ظاہر کر کے تدفین کرائی گئی۔انویسٹی گیشن کے دوران ملزمان نے جرم قبول کرلیا۔ مقتول کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دونوں کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کیا گیا۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ "مجرمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے" اور کارروائی پر ایس او ہنجروال عدیل انجم اور پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی۔