عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یمنی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پر حملے کے دعوے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے واقعات نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل کی ترسیل سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ابتدائی ایشیائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 10 سینٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل 94 ڈالر 71 سینٹ فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 35 سینٹ اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 84 ڈالر 3 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔اس سے قبل گزشتہ کاروباری روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے تین فیصد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں دو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس کے علاوہ ایک اور بحری جہاز میں دھماکے کی اطلاع بھی سامنے آئی تھی۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی تیل مارکیٹ کو متاثر کر سکتی ہے۔