ابوبکر کے والد کی حقیقت سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں اپنے شوہر سے معذرت کی
کراچی (آئی این پی)اداکارہ سارہ خان نے اپنے شوہر گلوکار فلک شبیر کو ڈرامہ سیریل درِ نجات کے مقبول کردار ابوبکر کا بھی والد قرار دینے والے اپنے بیان سے رجوع کر لیا ہے۔ ڈرامے میں ابوبکر کے والد کی حقیقت سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں اپنے شوہر سے معذرت بھی کر لی۔چند روز قبل ایک مارننگ شو کے دوران سارہ خان کی گفتگو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس دوران میزبان نے ڈرامہ درِ نجات کے کردار ابوبکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہر طرف اسی کردار کی بات ہو رہی ہے اور ناظرین کا خیال ہے کہ حقیقی زندگی میں ابوبکر جیسا شخص ملنا مشکل ہے۔ میزبان نے فلک شبیر کو بھی ابوبکر جیسا قرار دیا تو سارہ خان نے برجستہ کہا تھا کہ فلک تو ابوبکر کے بھی ابو ہیں۔تاہم ڈرامے کی نئی قسط میں ابوبکر کے والد چوہدری امان علی گجر کی کہانی سامنے آنے کے بعد سارہ خان نے اپنے اس جملے پر نظرثانی کر لی۔ انہوں نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں فلک سے معذرت کرتے ہوئے اپنے سابقہ الفاظ واپس لے لیے۔