کپتان نے اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا
کراچی(آئی این پی ) اسلام آباد سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی اور تمام مسافر محفوظ رہے۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو دورانِ سفر فنی خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔پرواز کے دوران طیارے میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، جس پر کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ایئر ٹریفک کنٹرول سے اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔طیارے کے معائنے اور فنی خرابی کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے انجینئرز کو طلب کر لیا گیا ہے جو طیارے کا تفصیلی معائنہ کر رہے ہیں۔طیارے سے مسافروں کو نکال کر ایئرپورٹ لانج میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انتظامیہ کی جانب سے انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی
ہیں۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ان کی منزل مقصود (ریاض) روانہ کرنے کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کیا جائے گا تاکہ ان کا سفر جلد دوبارہ شروع ہو سکے۔