وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ جنگ بندی پر زور

سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا‘ پاکستان ہمیشہ برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہے گا:شہبازشریف
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہبازشریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا،وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود،شاہی خاندان اور سعودی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کی حالیہ امن کوششوں سے آگاہ کردیا،سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،اس مشکل وقت میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا ایک بار پھر اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے موجودہ بحران میں غیرمعمولی تحمل کامظاہرہ کرنے پر سعودی قیادت کو سراہا،اور یقین دلایا پاکستان ہمیشہ برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہیگا جیسا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ شہبازشریف نے فوری طور پرجنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی پرزوردیا تاکہ علاقائی صورتحال کو مستحکم کیاجاسکے،ان کاکہنا تھاکہ امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔