لاس اینجلس سے شنگھائی جانے والی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پرواز ایک غیر معمولی واقعہ کا شکار ہو گئی جب پائلٹ کو دو گھنٹے کی پرواز کے بعد یہ یاد آیا کہ اس نے اپنا پاسپورٹ گھر پر ہی چھوڑ دیا تھا۔
اس واقعہ کے بعد پرواز کو سان فرانسسکو کی طرف موڑنا پڑا۔یونائیٹڈ ایئر لائنز کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرواز میں موجود 257 مسافروں کے ساتھ جہاز چین کی طرف روانہ ہو گیا۔ پائلٹ کو اس بات کا احساس اس وقت ہوا جب وہ پرواز کے وسط میں تھے، اور چین کے قانون کے مطابق پائلٹ بغیر پاسپورٹ کے ملک میں داخل نہیں ہو سکتے تھے، جس کی وجہ سے پرواز کو واپس موڑنے کی ضرورت پیش آئی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مسافروں نے اپنی شکایات آن لائن شیئر کیں، جس پر یونائیٹڈ ایئر لائنز نے معذرت کی اور مسافروں کو 15 ڈالرز کے واؤچرز معاوضے کے طور پر فراہم کیے۔ اس کے علاوہ، نیا عملہ تعینات کیا گیا تاکہ پرواز کو اس کی منزل تک لے جایا جا سکے۔یاد رہے کہ پرواز میں 4 پائلٹ موجود تھے، جن میں سے ایک کا پاسپورٹ بھول گیا تھا، جس کے باعث یہ تاخیر اور پرواز کو واپس موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔