شادی کے بعد ابتدائی 2 برس لڑکی کی زندگی کے مشکل ترین ہوتے ہیں، روبینہ اشرف

شادی کے بعد ابتدائی 2 برس لڑکی کی زندگی کے مشکل ترین ہوتے ہیں، روبینہ اشرف

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ روبینہ اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے بعد ہر لڑکی کو زندگی کے چند سخت ترین مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، اور ابتدائی دو سال ان میں سب سے زیادہ کٹھن ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی، مالی حالات، گھریلو ذمہ داریوں اور نوبیاہتا جوڑوں کے چیلنجز پر کھل کر گفتگو کی۔اداکارہ کا کہنا تھا:"ہمارے حالات ہمیشہ سے اچھے نہیں تھے، بلکہ شادی کے شروع میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ مہینے کے پندرہ دن گزرنے کے بعد ہمارے پاس کچھ نہیں ہوتا تھا۔ اگر ایسے میں کوئی تقریب آ جاتی تو ہم خالی ہاتھ ہوتے تھے۔"انہوں نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا:"شادی کے بعد کے ابتدائی دو سال لڑکی کے لیے بہت خوبصورت بھی ہوتے ہیں اور بہت مشکل بھی۔ ایک طرف محبت، جذبات، اور ایک نیا گھر بنانے کا جذبہ ہوتا ہے، دوسری طرف بجٹ کا مسئلہ دونوں میاں بیوی کو الجھا دیتا ہے۔"
روبینہ اشرف نے مزید کہا:"مشکل اس وقت بڑھتی ہے جب گھر میں صرف ایک فرد کما رہا ہو۔ میرے شوہر طارق مجھے محدود رقم دیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ اسی میں گزارا اور بچت دونوں کرنی ہے۔""میں جانتی ہوں کہ میری بات کچھ خواتین کو پسند نہیں آئے گی، لیکن شوہر کو خود بجٹ مینٹین کرنا چاہیے۔ انہیں چاہیے کہ اپنی آمدنی کھل کر بیوی کے ساتھ شیئر کریں اور اخراجات و بچت کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کریں۔"نوبیاہتا جوڑوں کو مشورہ دیتے ہوئے روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ:"شادی صرف جذبات کا نام نہیں، بلکہ عملی زندگی کا بھی آغاز ہے۔ اس میں سب سے اہم چیز ہے 'معاشی حقیقت پسندی' اور ایک دوسرے کا ساتھ۔"