پاکستانی میں کاروبار کیلئے امریکی کمپنیوں سے تعاون کرینگے:ناظم الامور

اسلام آباد(آئی   این پی)امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر  نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے سے آئندہ برسوں میں 75 ارب ڈالرز سے زائد منافع متوقع ہے۔پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے اہم معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر آن لائن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کو اہم معدنی وسائل اور تعاون کے امکانات سے آگاہ کیا گیا۔امریکی ناظم الامور نے کہا کہ وزیرِ توانائی علی پرویز ملک اور دیگر حکام نے معدنی شعبے میں حکومتی پالیسی پر بریفنگ دی، پاکستان میں تانبا، سونا، لیتھیئم سمیت وسیع معدنی ذخائر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی ہیں، ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے کی صلاحیت کا شاندار مظہر ہے۔امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ امریکی کمپنیوں کے لیے 1 ارب ڈالرز کے برآمدی مواقع فراہم کرے گا، امریکی مشن پاکستان میں مضبوط اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنیاں جدید سروے، انفرااسٹرکچر اور منصوبہ بندی میں مہارت رکھتی ہیں، امریکی سفارتخانہ پاکستان میں کاروبار کے لیے امریکی کمپنیوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا