بانی کی رہائی کیلئے 8 فروری کو جمہوری قوتوں کو نکلنا ہوگا، اچکزئی

جمہوری پارٹیاں نہیں نکلتیں تو یہ جمہوریت کے مستقبل کیلئے نیک شگون نہیں ہوگا 
غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا کررہا ،وفد سے گفتگو 
قلعہ عبداللہ(خصوصی رپورٹ )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ و اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد جمہوریت کی مکمل بحالی اور مضبوطی کے لئے ہے، ملک دوراہے پر کھڑا ہے اس کو بچانے کیلئے آئین کی بحالی اولین ترجیح ہے، عمران خان کی رہائی کیلئے 8 فروری کو تمام جمہوری قوتوں کو نکلنا ہوگا، غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں قلعہ عبداللہ پریس کلب کے وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اچکزئی کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد جمہوریت کی مکمل بحالی اور مضبوطی کے لئے ہیں جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام جماعتوں کو اس کی بحالی کیلئے نکلنا ہوگا۔ عمران خان کو ناحق پابند سلاسل رکھ کر جمہوری قوتوں کو ایک پیغام دیا گیا ہے آج بھی اگر جمہوری پارٹیاں اس عمل کیخلاف نہیں نکلتیں تو یہ جمہوریت کے مستقبل کے لئے نیک شگون نہیں ہوگا اس لئے تمام جمہوری جماعتوں کو 8 فروری کو بھرپور انداز میں نکلنا ہوگا اور ان غیر جمہوری قوتوں کو پیغام دینا ہوگا کہ ملک میں جمہوریت کے بغیر کوئی بھی نظام قابل قبول نہیں ،جمہوریت اور آئین کی بحالی میں ہی ملک کی بقا ہے۔ملک کو بچانے کا واحد راستہ آئین کی بحالی ہے انہوں نے کہا کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے۔