امریکا کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فاطمہ لاریجانی ایموری یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول سے وابستہ تھیں اور اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی کے مضامین پڑھا رہی تھیں۔ایموری یونیورسٹی کے ون شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ فاطمہ لاریجانی اب ادارے کی ملازم نہیں رہیں، تاہم برطرفی کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ارل کارٹر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، جس میں فاطمہ لاریجانی کو ملازمت سے ہٹانے اور ان کا میڈیکل لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس خط کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے برطرفی کا اقدام سامنے آیا۔