عدالت پہلے ہی فرد جرم عائد کر چکی ‘ ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر نیب کے گواہوں کو طلب کرلیاتھا
لاہور(آن لائن) احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی و دیگر پر کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت رواں ماہ 29 جنوری کوہوگی عدالت پہلے ہی فرد جرم عائد کر چکی ہے جبکہ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے نیب کے گواہوں کو 29 جنوری کو طلب کرلیاتھا۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب ریفرنس پر سماعت کریں گے، سابقہ سماعت پر سابق وزیراعلی پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان اپنے وکیل عامر سعید راں کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج نے پرویز الہٰی سمیت تمام ملزمان پر دوران سماعت فرد جرم عائد کی، پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے نیب کے گواہوں کو 29 جنوری کو طلب کرلیا۔نیب کی جانب سے پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف گجرات میں ترقیاتی سکیموں میں کرپشن کا ریفرنس عدالت میں دائر کر رکھا ہے۔نیب نے دو نئے ملزمان آنے کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا، احتساب عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 29 جنوری تک ملتوی کر دی تھی۔