حیدرآباد کے لطیف آباد یونٹ نمبر 5 میں واقع شاہ نجف کالونی میں بجلی کے ایک پول پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں علاقے کے متعدد گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، آتشزدگی کے دوران ایک درجن سے زائد گھروں کو بجلی فراہم کرنے والے تار مکمل طور پر جل گئے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کنکریٹ کے پول پر نصب میٹروں سے شعلے بلند ہو رہے تھے اور تاروں سے شدید سپارکنگ کے ساتھ شور بھی پیدا ہو رہا تھا۔ویڈیو میں تاروں کا گچھا پول کے اوپری حصے سے نیچے گر کر لٹکتا ہوا بھی دکھائی دیتا ہے۔ مقامی افراد نے بالائی منزل اور نیچے سے مٹی پھینک کر آگ بجھانے کی کوشش کی، مگر شعلے کنٹرول سے باہر دکھائی دیتے رہے۔
مقامی اہلکاروں کے مطابق، ابتدائی طور پر آگ کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا، تاہم بجلی کے پرانے یا ناقص تاروں اور کنکشن میں خرابی کو اہم سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں فوری بجلی کی بحالی اور پولوں کی مرمت کے لیے عملہ بھیج دیا ہے۔واقعے کے بعد مقامی شہریوں نے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے اور بجلی کے نظام کی نگرانی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔