بھارت:زہریلی گندم کی وجہ سے لوگوں کے گنجے ہونے کا انکشاف

  نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانہ میں زہریلی گندم کی وجہ سے لوگوں کے اچانک گنجے پن کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے تین دیہاتوں میں لوگوں کو ایک عجیب و غریب صورتِ حال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگ تشویش میں مبتلا ہیں ان علاقوں میں مرد، خواتین اور بچے اچانک بالوں کے گرنے اور گنجے ہونے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ضلع بلڈھانہ کے ان دیہات میں تقریبا 30 سے 40 فیصد لوگوں کے بال گرنے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ہمت را باواسکر نامی ڈاکٹر کی ایک تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ یہ مسئلہ زہریلی گندم کی وجہ سے ہو سکتا ہے جس کا لوگ استعمال کر رہے ہیں۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ حکومت کے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کے ذریعے دی جانے والی گندم میں بہت زیادہ سیلینیم جبکہ زنک کی مقدار کم ہے۔