جاپان کی کابینہ نے مالی سال 2026 کے لیے 58 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ منظور کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9.4 فیصد زیادہ ہے۔
اس بجٹ کے مطابق دفاعی اخراجات 9.04 ٹریلین ین ہوں گے، جبکہ مالی سال 2025 میں یہ رقم 8.7 ٹریلین ین (تقریباً 55.7 ارب ڈالر) تھی۔یہ اضافہ جاپان کے پانچ سالہ 43 ٹریلین ین (275 ارب ڈالر) کے دفاعی پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد دفاعی اخراجات کو ملکی مجموعی پیداوار (GDP) کے 2 فیصد تک بڑھانا ہے۔
چین کے ساتھ بڑھتی کشیدگی
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جاپان اور چین کے تعلقات کشیدہ ہیں، خاص طور پر تائیوان کے معاملے پر جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کے بیانات کے بعد۔ چین نے جاپان کے خلاف سفارتی اور معاشی اقدامات کیے ہیں، جن میں جاپان کا سفر محدود کرنا اور جاپانی سمندری خوراک کی درآمد پر پابندی شامل ہے۔جاپان اپنی تازہ قومی سلامتی حکمتِ عملی میں چین کو سب سے بڑا اسٹریٹجک چیلنج قرار دیتا ہے اور اسی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔