پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے‘کہنے کو اس ملک میں ایک کھلاڑی بھی آیا تھا لیکن وہ ملک کے ساتھ کھیل کر چلا گیا
ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘ وزیراعلی پنجاب دن رات محنت کر رہی ہیں:وزیراطلاعات کا تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ الحمرا ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمی بخاری نے کہا وزیراعلی پنجاب دن رات محنت کر رہی ہیں، پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ کھیلوں کے میدان بحال ہو رہے ہیں، کہنے کو تو ایک کھلاڑی بھی آیا تھا جو ملک کے ساتھ کھیل کر چلا گیا، انہوں نے کہا ثقافت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جار ہے ہیں۔ پنجاب کو آگے لے جانے کیلئے وہ سب کچھ کریں گے جس کی ضرورت ہوگی، پنجاب ہر شعبے میں ترقی کرتا نظر آئے گا، انہوں نے کہا قائداعظم کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا ہم نے سوچا کہ 25 دسمبر کا دن گھر میں بیٹھ کر چھٹی منانے کی بجائے ثقافتی طور پر بھرپور انداز میں منایا جائے،ہم نے ثقافت اور تھیٹر کو ریوائیو کرنا ہے جس کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، رونا رلانا، آگ لگانا بہت آسان ہوتا ہے جبکہ ہنسانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ گارنٹی دیتی ہوں صرف 25 دسمبر ہی نہیں بلکہ ہر آرٹ کونسل میں ثقافت کے بھرپور پروگرام ہوا کریں گے، آج تیسری خوشی کرسمس کی ہے جس کو بھی اچھے طریقے سے منا رہے ہیں۔