20 سال سے کام کر رہے ، نوکریوں سے نکال دیا گیا ، فوری بحال کرکے مستقل کیا جائے:مظاہرین کامطالبہ
لاہور (خصوصی رپورٹ )پریس کلب کے سامنے محکمہ زراعت کے این پی آئی ڈبلیو (واٹر مینجمنٹ)کے ملازمین نوکریوں سے نکالے جانے پر سراپا احتجاج بنے رہے۔ پنجاب بھر سے آئے ملازمین اپنی ملازمتوں پر بحال ہونے کا مطالبہ کرتے رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم 20 سال سے محکمہ کے لیے کام کر رہے تھے، ہمیں بغیر نوٹس فارغ کر دیا گیا، ہمیں نوکریوں پر بحال کرکے مستقل کیا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں سیکرٹری زراعت اور وزیر سے ملوایا جائے اور مذاکرات کیے جائیں، ہمارے 700 ساتھیوں کو بغیر وجہ بتائے فارغ کیا گیا جن کے ساتھ 700 خاندان بھی ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے محکمہ زراعت شعبہ واٹر مینجمنٹ کے نکالے گئے ملازمین کی سیکرٹری آبپاشی سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی گئی مگر مظاہرین نے مذاکرات کامیاب نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔