وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جیل میں قیدی کے حقوق تک نہیں دیئے جا رہے:درخواست کا متن
راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور 8 پولیس افسران کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست سی پی او راولپنڈی کو بھجوا دی گئی۔ سابق چیئرمین کے وکیل تابش فاروق کے ذریعے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کو بھجوائی گئی درخواست میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ، اے ایس پی زینب، ایس ایچ او اعزاز اور چوکی انچارج اڈیالہ سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ کورئیر سروس کے ذریعے سی پی او آفس بھیجی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیئرمین کو قید میں مروجہ سہولیات نہیں دی جارہی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جیل میں قیدی کے حقوق تک نہیں دیئے جا رہے‘ سابق چیئرمین کے سیل میں روشنی تک نہیں جبکہ ان کے اہل خانہ کو ملاقات تک کی اجازت نہیں دی جاتی انہیں مسلسل اندھیرے میں رکھا جاتا ہے اور سابق چیئرمین کے خلاف یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایما پر کئے جا رہے ہیں