300 جانیں بچانے والے 3چرواہوں کو انعام مل گیا‘وزیر اعظم نے فی کس25لاکھ دیدیئے

شہبازشریف نے  وصیت خان، انصار اور محمد خان  سے ملاقات کے دوران  خراج تحسین پیش کیا ‘تعریفی  سرٹیفکیٹس سے نوازا
 آپ جیسے لوگ پوری قوم کے لئے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں ‘مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے:وزیراعظم  کی ملاقات میں گفتگو
 اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے(گلوف)کی پیشگی اطلاع دے کر 300 قیمتی انسانی جانیں بچانے والے ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان سے ملاقات کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔پیر کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تینوں افراد کو 24 کروڑ عوام کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ہر ایک کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا اور شاباشی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔وزیراعظم نے کہا  وصیت خان، انصار اور محمد خان نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کر کے خدمت کے جذبے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا  آپ جیسے لوگ پوری قوم کے لیے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں اور مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور متاثرہ گائوں تالی داس کو ماڈل ویلج بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان ہیروز کی بہادری اور بروقت اقدام کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔