ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایران کے ساتھ گہرے ثقافتی، تاریخی اور تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ اسی تعلق کی بنیاد پر ایران دونوں ممالک کے درمیان مصالحت اور افہام و تفہیم کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران مشکل وقت میں اپنے دوست ممالک کا ساتھ دینے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹا اور ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔عباس عراقچی نے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بات چیت اور مذاکرات کا راستہ ہی بہترین حل ہے اور ایران اس عمل کی ہر ممکن حمایت کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک دانشمندی اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔