بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو فروری 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دینگے:وزیراعظم

بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو فروری 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دینگے:وزیراعظم

ویب ڈیسک: بھارتی سرکار کے پہلگام پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کی مہم کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کو سخت پیغام دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، اور بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کی حکومت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہے اور یہ اس کی بوکھلاہٹ کا غماز ہے۔ "پہلگام واقعے کے حوالے سے بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، پاکستان اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے"، انہوں نے کہا۔شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانی کے حقوق پر بھی بات کی اور کہا کہ "پانی ہماری لائف لائن ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔" ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، اور اگر کوئی مہم جوئی ہوئی تو فروری 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فوج عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔شہباز شریف نے کشمیر کے مسئلے پر بھی اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینا ہوگا، اور عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز سننا ضروری ہے۔