پاکستانی عوام بھارت کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں:مراد علی شاہ

پاکستانی عوام بھارت کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں:مراد علی شاہ

ویب ڈیسک: وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر پاکستان پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستانی عوام بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، اور اگر پاکستان پر کوئی آنچ آئی تو پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام وطن کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران مراد علی شاہ نے سندھ کے پانی کے مسئلے اور نہری منصوبوں پر بھی گفتگو کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کینالوں پر ابھی تک کوئی کام شروع نہیں ہوا، اور جب تک ایکنک (ECNEC) سے منظوری نہ ہو، منصوبہ شروع نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے صدر آصف علی زرداری کے نہری منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ پر بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے پاس اس منصوبے کی منظوری کا اختیار ہی نہیں تھا، اور گراؤنڈ بریکنگ کی تقریب کو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کے حقوق کی ضامن ہے، اور ہم سوتے میں بھی سندھ کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کچھ عناصر پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم نے ہمیشہ حقائق پر مبنی بات کی ہے اور جون میں پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ کو بھی چیلنج کیا۔انہوں نے کراچی میں ہونے والے پُرامن احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، اور لوگوں کو احتجاج سے نہ روکا جائے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج 17 جنوری سے جاری ہے جو نگراں حکومت کے دور میں شروع ہوا، ہم چاہتے ہیں کہ عوامی مسائل بات چیت سے حل ہوں۔