2بھائیوں میں جائیداد تنازع میں بڑے بھائی کے بیٹے بھی کود پڑے،لاش ہسپتال منتقل،ملزم فرار،
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں2بھائیوں میں جائیداد کا جھگڑا خونیں تصادم میں بدل گیا،بھتیجوں نے اینٹوں کے مبینہ وار کر کے چچی کو قتل،چچا کو شدید زخمی کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر اوکاڑہ کی حدود مظفر کالونی چک نمبر 5/4-L میں جائیداد کے تنازع پر دو بھائیوں میں جھگڑا شروع ہوا، جس میں بڑے بھائی کے بیٹے بھی کود پڑے، بھتیجوں نے مبینہ طور پر اینٹیں مار مار کر چچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ چچا کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ مقتولہ مہوش بی بی کی لاش اور اس کے زخمی شوہر احمد کمال کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر اوکاڑہ ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ اور میڈیکل سر ٹیفکیٹ ملنے اور شواہد کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا جس سے اصل حقائق سامنے آئینگے۔