لاہور(کرائم رپورٹر) سوشل میڈیا پر بچے پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاہدرہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے اور متعلقہ افراد سے واقعے کی انکوائری شروع کردی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس تحقیقات میں سامنے آیا کہ بچہ اپنے چچا احسان اللہ کے پاس اسٹال پر کام کرتا ہے اور واقعے کے وقت مبینہ طور پر ضد کرتے ہوئے چچا کی ٹانگوں سے لپٹ گیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کے دوران احسان اللہ کو کرایہ دار پایا، تاہم وہ تھانے میں کرایہ داری کے اندراج سے متعلق دستاویزات پیش نہ کرسکا۔ پولیس نے کرایہ داری کا ریکارڈ طلب کیا، لیکن مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ ہونے پر احسان اللہ کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ترجمان کے مطابق بچے پر مبینہ تشدد کے معاملے کی الگ سے مزید جانچ جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور بچے کی صورتحال سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔