ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث زیورات کی خریداری میں کمی اور سونے کے بسکٹس کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سونے کی قیمت میں 3.25 سے 4 درہم فی گرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرف پانچ ہفتوں کے دوران سونے کے نرخ 41.75 درہم فی گرام بڑھ چکے ہیں۔ماہرین اور جیولری ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غیر یقینی معاشی حالات کے باعث عوام زیورات کے بجائے سرمایہ کاری کے طور پر سونے کے بسکٹس خریدنے کو زیادہ محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ دوسری جانب مارکیٹ میں زیورات کی خریداری کی رفتار نمایاں طور پر سست ہو چکی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر:
24 قیراط سونے کی فی گرام قیمت میں 4 درہم کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 444 درہم ہو گئی۔
21 قیراط کی قیمت 3.25 درہم اضافے کے بعد 394 درہم فی گرام تک پہنچ گئی۔
18 قیراط سونا بھی 3.25 درہم بڑھ کر 338 درہم فی گرام ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر مہنگائی اور مالیاتی دباؤ برقرار رہا تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے۔