کراچی: عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 7 ارب ڈالر پروگرام پر مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بار مشن اسلام آباد کے بجائے کراچی پہنچا جہاں آج سے تکنیکی سطح پر مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد سب سے پہلے اسٹیٹ بینک کے حکام کے ساتھ معیشت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرے گا۔ یہ مذاکرات دو ہفتے تک جاری رہیں گے، جن میں پاکستان کی معاشی کارکردگی، بجٹ اہداف اور پالیسی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت اگلی قسط کی فراہمی مشن کی رپورٹ سے مشروط ہوگی۔ رپورٹ میں پاکستان کے ریونیو ہدف، اخراجات، مالیاتی اصلاحات، اور قرضوں کے انتظام پر تفصیلی تجزیہ شامل ہوگا۔
آئی ایم ایف مشن اس دوران حالیہ سیلاب کے معیشت پر اثرات اور بجٹ اہداف میں ممکنہ رکاوٹوں کا بھی جائزہ لے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کا کامیاب ہونا نہ صرف اگلی قسط کے حصول بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ساکھ کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے۔