سائنس، ٹیکنالوجی اور معیشت کے میدانوں میں پاک چین تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے: ہونان صوبے کے گورنر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے ہونان صوبے کے گورنر ماو ویمِنگ سے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعاون کو مزید وسعت دینے اور سی پیک فیز ٹو کے تحت نئے شعبوں میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بیس سے زائد ممالک کے رہنماؤں کی بی ڈو سمٹ میں شرکت خوش آئند ہے اور یہ عالمی تعاون کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے ہونان کے چین کی معیشت میں مرکزی کردار کو سراہا اور کہا کہ بی ڈو سسٹم صنعتی ترقی کے لیے جدید معلوماتی سہولیات فراہم کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بی ڈو سسٹم استعمال کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور دوستی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور معیشت کے میدانوں میں پاک چین تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور خلا و جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے افق کھول رہا ہے۔