آفریدی ،بانی پی ٹی آئی ملاقات سے قیامت نہیں آئیگی :گورنر پنجاب

پی پی ، ن لیگ کے ورکرز ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، سلیم حیدر
 صوبے کی ترقی میں گورنر ہاؤس کبھی رکاوٹ نہیں بنے گا،فیصل کنڈی ، پریس کانفرنس
پشاور (خصوصی رپورٹ )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مسلم لیگ ن سے اپنی جماعت پیپلز پارٹی کے اتحاد کو مجبوری قرار دیدیا۔گورنر ہاؤ س پشاور میں خیبرپختونخوا کیگورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ عدالت نے اجازت دیدی ہے تو سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کوئی حرج نہیں، سہیل آفریدی اگرجیل جاکر بانی پی ٹی آئی سے مل لیں گے تو کوئی آسمان نہیں گرے گااورقیامت نہیں آجائے گی، ملاقات کرنے دینی چاہئے، اس طرح کے معاملات میں انکار مفت میں ہیرو بنانے والے بات ہوتی ہے۔ن لیگ سے اتحاد محبت یا شوق کا نہیں بلکہ مجبوری کے تحت ہے، ذرا سی غیر ذمہ داری سے سسٹم ڈی ریل ہو جائیگا،ملک کی وجہ سے ن لیگ سے اتحاد بنا،پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ورکرز ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، انہوں نے جو غصہ کیا وہ نہیں کرنا چاہئے، پنجاب کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔پیپلزپارٹی کو ملک کی خاطر مجبوری کے تحت بیٹھنا پڑتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں کئی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا اعتراف کیا۔ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) کا الیکشن کے بعد اتحاد بنا، 18ماہ کی جو گورنمنٹ تھی وہ بھی مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے مل کر بنائی تھی، پیپلزپارٹی کیلئے یہ ایک بھیانک خواب تھا۔18ماہ کی گورنمنٹ میں جو چیزیں طے کی گئیں وہ پوری نہ ہوسکیں۔گورنر پنجاب نے کہا ن لیگ کے مستقبل پر کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ورکرزایک دوسرے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، سسٹم نہیں چلے گا تو ملک کا نقصان ہوگا۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلی ٰسہیل آفریدی بانی سے ملاقات کیلئے گئے ہیں، کابینہ نے بننا ہے پھر ہی معاملات نے آگے چلنا ہے، پنجاب میں ہماری پارٹی اورمسلم لیگ ن کے رہنماؤ ں کے درمیان گرما گرمی ہوئی، صدر زرداری اوروزیراعظم ملک واپس آکر ایک ساتھ بیٹھے تو چیزیں بہتر ہوئیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سہیل آفریدی کو جانا چاہئے تھا، صوبے کی ترقی میں گورنر ہاؤس کبھی رکاوٹ نہیں بنے گابلکہ پل کا کردار ادا کرے گا۔