ویب ڈیسک: کشمور پولیس نے ٹک ٹاک پر سرگرم عروسہ سولنگی کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ نوجوانوں کو محبت کے جھانسے میں پھنسا کر کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں کے حوالے کرتی رہی۔
پولیس کے مطابق، ماضی میں جعلی خواتین کی آوازیں استعمال کر کے ملک بھر سے لوگوں کو بہکایا جاتا تھا، پھر اغوا کر کے بھاری تاوان طلب کیا جاتا تھا۔ اب یہ گروہ سوشل میڈیا اور ٹک ٹاکرز کے ذریعے شکار کو پھانس رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ عروسہ مختلف شہروں کے نوجوانوں کو رومانوی تعلقات کے جھانسے دے کر کشمور کے کچے علاقے لاتی اور پھر انہیں ڈاکوؤں کے حوالے کر دیتی تھی۔ اس کے موبائل سے ایسے شواہد ملے ہیں جو اس کے متعدد اغوا کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔