واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژا کو معاف کر دیا جبکہ سابق صدر جو بائیڈن پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے کرپٹو انڈسٹری کے خلاف غیر ضروری جنگ چھیڑ رکھی تھی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائو س نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائنانس کے شریک بانی چانگ پینگ ژا کو معاف کر دیا ہے۔اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیشرو جو بائیڈن پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کرپٹو انڈسٹری کے خلاف غیر ضروری جنگ شروع کی تھی۔بائنانس کی بنیاد 2017 میں رکھی گئی تھی اور یہ تیزی سے ٹریڈنگ کے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا کرپٹوکرنسی ایکسچینج بن گیا، جس نے چانگ پینگ ژا کو ارب پتی بنا دیا۔کمپنی کے آپریشنز کی تحقیقات کے بعد چانگ پینگ ژا نے 2023 کے آخر میں امریکی منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا اور 2024 میں چار ماہ کی قید کی سزا کاٹی۔چانگ پینگ ژا کی معافی سے ان کا کریمنل ریکارڈ مٹ جائے گا اور اس سے بائنانس کے دوبارہ امریکا میں واپسی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، تقریبا دو سال بعد جب اس نے امریکی محکمہ انصاف کی تحقیقات کے تصفیے کے لئے ملک میں اپنی سرگرمیاں معطل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔