مسلم لیگ ن کے 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا، 11 روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کرے گا

مسلم لیگ ن کے 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا، 11 روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کرے گا

لاہور: پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور نوجوان قیادت کو جدید ٹیکنالوجی و حکومتی نظام سے روشناس کرانے کے لیے مسلم لیگ ن کے 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن کے تحت وفد چین کا دورہ کر رہا ہے، جس کا مقصد پاک چین تعاون کو نئی جہت دینا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

رانا ارادت شریف خان وفد کی قیادت کر رہے ہیں
14 رکنی وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر اور رکن پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ بھی وفد کا حصہ ہیں۔وفد میں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سلطان باجوہ، اسامہ فضل، رانا شہریار، حیدر سلطان اور قاسم ندیم کے علاوہ رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی اور شمائلہ رانا بھی شامل ہیں۔

چین میں 11 روزہ تربیتی پروگرام
پاکستانی نوجوان رہنماؤں کا 11 روزہ تربیتی پروگرام 3 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران انہیں جدید طرز حکمرانی، چین کے ترقیاتی ماڈل، معاشرتی نظام اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔پروگرام میں چینی ترقیاتی تجربات اور جدید انتظامی طریقہ کار سے متعلق آگاہی بھی شامل ہے، تاکہ پاکستانی نوجوان رہنما ان تجربات سے استفادہ کرسکیں۔

مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے مراکز کا دورہ
تربیتی پروگرام کے تحت پاکستانی وفد چین آسیان مصنوعی ذہانت مرکز، ہواوے کے علاقائی ہیڈکوارٹرز اور مختلف روبوٹکس مراکز کا دورہ کرے گا۔اس کے علاوہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور صحت کے مراکز کا مشاہدہ بھی پروگرام کا حصہ ہے، جہاں وفد کو چین میں ٹیکنالوجی کے عملی استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

پاک چین تعلقات کو نئی جہت دینے کا عزم
دورے کا بنیادی مقصد پاکستانی نوجوان قیادت کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ترقی اور بہتر حکومتی نظام کے تجربات سے روشناس کرانا ہے۔