لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38واں اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں بسنت 2027، بلدیاتی انتخابات، گندم اور گنے کی قیمتوں سمیت عوامی اہمیت کے متعدد معاملات زیر غور آئیں گے۔
اجلاس کا 148 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں انتظامی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر محکموں سے متعلق اہم تجاویز شامل ہیں۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تاریخ پر مشاورت کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لاہور میں بسنت 2027 کے موقع پر پتنگ بازی کی اجازت دینے سے متعلق نوٹیفکیشن کا معاملہ بھی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔
گندم اور گنے کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع
پنجاب میں گندم کی سرکاری ریلیز قیمت میں ردوبدل، گنے کی کم از کم قیمت خرید اور کرشنگ سیزن سے متعلق معاملات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ان تجاویز پر غور کے بعد زرعی شعبے اور کسانوں سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی تجویز بھی کابینہ کے سامنے پیش ہوگی، جبکہ مکان اور پلاٹ کی منتقلی پر عائد ٹیکس کے قواعد میں ترمیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔اجلاس میں جلسوں اور مذہبی جلوسوں کو منظم کرنے کے لیے سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ میں ترمیم اور تلور کے شکار پر عائد پابندی میں نرمی کی تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ پنجاب کی اپنی الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے مسودہ قانون اور ایئر کوالٹی انڈیکس کی 500 پوائنٹس کی بالائی حد ختم کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
پولیس اور جیل خانہ جات میں بھرتیوں اور نئی گاڑیوں کی منظوری
پولیس اور جیل خانہ جات کے شعبوں میں بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس 50 الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اسی طرح لاہور ڈولفن فورس کے لیے 500 نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی اور محکمہ جیل خانہ جات میں 4 ہزار 124 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔تعلیم کے شعبے میں سرکاری کالجوں کے لیے کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتیوں اور سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق معاملات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب کوآپریٹو بینک کا نام تبدیل کرکے پنجاب کسان بینک رکھنے کی تجویز بھی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔
ٹرام سروس اور میٹرو بس منصوبوں کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل
ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے لاہور میں ٹائر بیسڈ ٹرام سروس کے لیے سڑکوں اور اسٹیشنوں کی تعمیر کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ میٹرو بس کے شاہدرہ اسٹیشن کی تعمیر نو اور اضافی ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔صحت کے شعبے میں ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی ایمرجنسی سروسز بہتر بنانے اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کابینہ کے سامنے رکھی جائے گی۔
سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 9 ارب روپے کی تجویز
اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور نہروں کی صفائی کے لیے 9 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ پنجاب کے کچے کے علاقوں میں 31 ترقیاتی اسکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔اسی طرح ضلع قصور میں 6 ارب 94 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے 66 ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے اور صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی درخواست بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہانگ کانگ میں نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ میں شرکت سے متعلق معاملہ بھی پیش کیا جائے گا۔