ملک بند کرنے کی کال کو حکومت نے خود پورا کردیا:حافظ نعیم

پی ڈی ایم تھری امن و امان کے قیام اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی:امیر جماعت اسلامی

حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پی ڈی ایم تھری امن و امان کے قیام اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔ پی پی اور ن لیگ میں نورا کشتی کو سندھ سمیت پورے ملک کے عوام خوب سمجھتے ہیں، پی پی کی عوامی حمایت ختم ہو چکی، اسے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہ ہو تو یہ دھڑام سے گرجائے، یہ اسٹیبلشمنٹ اور چند وڈیروں کی مدد سے سندھ پر قابض ہے، اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر یہ کراچی کی میئر شپ پر بھی قابض نہیں ہوسکتی تھی اسٹیبلشمنٹ نے باربار کرپٹ عناصر کو مسلط کیا اور اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوںنے حیدرآباد میں پریس کانفرنس اور بعدازاں جماعت اسلامی سندھ حلقہ خواتین کی سہ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پانی کا کوئی بھی نیا منصوبہ قومی اتفاق رائے کے بغیر اور 1991 کے معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہیں بننا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، حکومت کے ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں۔ پی ٹی آئی کے ملک بند کرنے کی کال کو حکومت نے خود پورا کردیا۔ جماعت اسلامی حق بات بغیر خوف کے کہے گی، ملک میں پہلے ہی پولرائزیشن عروج پر ہے، چاہتے ہیں مزید بدمزگی نہ ہو اور ہمارے کسی حتمی اعلان سے قبل حکومت خود ہی عوام کو ریلیف دے اور بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کردے۔ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری، جماعت اسلامی کا راستہ روکا گیا تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے