حالات خراب ہونے کے باوجود مریم بی بی نے 11 ارب کا جہاز ‘چیئرمین سینٹ نے کروڑوں کی گاڑی لے لی، یہ خود کو بادشاہ اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں
حکومت نے پٹرول پر لیوی ختم نہ کی تو ستمبر میں ہڑتال کریں گے ، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ، ہم عوامی مسائل کے لئے نکلے ہیں:میڈیا سے گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹر )میر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے پاکستان سعودیہ اور ترکیے کا دفاعی معاہدہ ہوا ہے ، اس اتحاد کو کو مکہ مکرمہ اور بیت المقدس کی حفاظت کے لئے استعمال ہونا چاہیے، پاکستان کو اس میں لیڈنگ رول ادا کرنا ہو گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا اگر ہماری ٹیکنالوجی بیت المقدس کے لیے استعمال نہیں ہو گی تو کیا فائدہ ہے، ٹرمپ اور نیتن یاہو کو سیدھا سیدھا پیغام دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے ہم عوامی مسائل کے لئے نکلے ہیں، نا اہل طبقے کا بوجھ پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں جگہ جگہ احتجاجی کیمپ لگ چکے ہیں، اگلے لائحہ عمل کا اعلان کر نے جارہا ہوں، 13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے، ستمبر کے پہلے ہفتے میں یہ ہڑتال ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت لیوی ختم نہیں کرے گی تو ہم سڑکوں پر بیٹھنا شروع کریں گے، ہمارا کوئی انا کا مسئلہ نہیں، ہم صرف ریلیف چاہتے ہیں۔حافظ نعیم نے کہا ملک کے معاشی حالات خراب ہونے کے باوجود مریم بی بی نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا ہے‘ چیئرمین سینٹ نے کروڑوں روپے کی گاڑی لے لی، یہ خود کو بادشاہ اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔