ضلع کرم بے امنی کی آگ میں جل رہا، کے پی حکومت لاپتا: بلاول بھٹو

 تین دنوں میں 80 شہری قتل ہو چکے، لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں،صوبائی حکومت ناکام ہوچکی
 کراچی(آئی این پی ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ضلع کرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم بے امنی کی آگ میں جل رہا ہے، کے پی حکومت لاپتا ہے۔جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا تین دنوں میں 80 شہری قتل ہو چکے۔ ضلع کرم میں لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی، ضلع کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں امن یقینی بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔