وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سپین میں پاکستانیوں کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ، ایم ڈی او پی ایف، نادرا اور پاسپورٹ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا محمد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا کہ اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریباً 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے، اور انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ مجرم یا مطلوب ملزم کو ہرگز پاسپورٹ نہ دیا جائے اور سفارتخانے کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق آسان اور تیز کر دی گئی ہے، اور یہ ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزراء نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل جنرل نے اب تک تقریباً 10 ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر فراہم کر دیا ہے اور تمام ادارے مل کر ضروری دستاویزات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔