پی پی رہنما کی بیٹی ماروی خورشید ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا
کرا چی(آ ئی این پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلو چستان کے صوبائی وزراء کے وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ان کی بیٹی مرحومہ ماروی خورشید ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کے ہمراہ صوبائی وزراء نے سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کر کے دلی تعزیت پیش کی اور اس ناقابلِ تلافی نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں حکومت بلوچستان اور پوری صوبائی قیادت سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔