ٹی بی کے سالانہ 9 لاکھ مریض ، علاج ممکن ہے :طبی ماہرین، عالمی دن پرگلاب دیوی ہسپتال میں واک
لاہور(کرائم رپورٹر )ٹی بی کی بیماری کے عالمی دن کے موقع پرگلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ،قیادت ایم ایس پروفیسر حامد حسن نے کی،واک میں ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد آصف، پروفیسر ظہیر اختر ،ایسوسی ایٹ پروفیسر ثاقب مشرف ،ڈاکٹر قائم دین جنرل سرجن،پروفیسر ارشد علی،پروفیسر وسیم شفقت نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹی بی ایک جان لیوا مرض ہے لیکن یہ قابل علاج ہے، بروقت تشخیص، احتیاط اور اس کے علا ج کا مکمل کورس کرنے سے مریض جلد صحت یاب ہوجاتا ہے۔ واک کا مقصدلوگ میں ٹی بی کا شعور بیدار کرنا اور اس کی علامات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس کی علامات میں کھانسی اور بخار دو سے تین ہفتے سے زیادہ ہونا، وزن میں کمی اور بھوک کا نا لگنا شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان میں سالانہ آٹھ سے نو لاکھ افراد ٹی بی کی بیماری مبتلا ہوجاتے ہیں، بروقت علاج نہ ہونے سے سالانہ پچاس ہزار افراد ٹی بی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔