کینیڈا کی سکیورٹی انٹیلی جنس سروس (CSIS) نے ایک پریس کانفرنس کے دوران خبردار کیا ہے کہ بھارت کینیڈا کے عام انتخابات میں مداخلت کر سکتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وینیسا لائیڈ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ بھارتی حکومت نہ صرف کینیڈین کمیونٹیز بلکہ کینیڈا کے جمہوری عمل پر بھی اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سمیت دیگر ریاست مخالف عناصر مصنوعی ذہانت (AI) کو انتخابات میں مداخلت کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ چین بھی اسی طرح کے AI ٹولز کے ذریعے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا۔CSIS کی جانب سے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ روس بھی کینیڈا میں مداخلتی سرگرمیاں کر سکتا ہے۔
اس انتباہ کے پس منظر میں کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات کا ذکر کیا گیا ہے، جو 28 اپریل 2025 کو ہونے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات میں کینیڈا کی لبرل پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، جہاں 343 نشستوں کے لیے پولنگ ہو گی۔کینیڈا کی سکیورٹی ایجنسی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کو برقرار رکھا جائے اور بیرونی مداخلت کو روکا جائے۔