ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 11 بجے ہوگا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ایجنڈے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ کے ارکان کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے کنونشن پر دستخط، وزارت خارجہ اور ہنگری کے درمیان معاہدے پر دستخط اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے ساتھ ای-موبلٹی پر تعاون کے معاہدے کی منظوری بھی دی جائے گی۔کابینہ کے ایجنڈے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات سے متعلق وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن ایکٹ 2025 پر غور، اور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ کا اضافی چارج سونپنے سے متعلق فیصلے شامل ہیں۔
اجلاس میں وسائل کی نقل و حرکت اور استعمال میں بہتری کے پروگرام کی پالیسی اور پروگرام ٹو کی تکمیل پر بھی غور کیا جائے گا۔ ایجنڈے میں انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 کے ذریعے کل وقتی اساتذہ اور محققین کی آمدنی پر ٹیکس چھوٹ کی بحالی کی منظوری اور 11 مارچ کو ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلے کی توثیق بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اور 21 مارچ کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے۔