تپ دق سے آگاہی پھیلانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں اپنا کردار ادا کریں:آصفہ بھٹو

 اسلام آباد (آئی این پی )شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی   آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے   یومِ عالمی تپ دق   کے موقع پر، ہم سب ایک آواز ہو کر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس بیماری کا خاتمہ کریں گے جس نے اب تک بے شمار جانیں لے لی ہیں اور دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کر رہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی  آصفہ بھٹو زرداری کے مطابق تپ دق محض ایک صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک سماجی انصاف کا سوال ہے، جو ہماری کمزور اور محروم آبادی کو غیر متناسب طور پر متاثر کرتا ہے۔ خاتون اول    آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ا ن ممالک میں شامل ہے جہاں ٹی بی کا بوجھ سب سے زیادہ ہے لیکن ہم ایک باہمت اور پرامید قوم ہیں، ہماری حکومت، بین الاقوامی اداروں، طبی عملے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر، صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، جلد تشخیص کے اقدامات بہتر کرنے، اور مفت، مو ثر علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جراتمندانہ اقدامات کر رہی ہے۔