ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور گڈ گورننس کے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے گا، بجٹ 26-2025 کو عوامی ترجیحات کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کرنے پر زور دیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، بجٹ پر اظہار اطمینان
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں بجٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے سپیکر کو اجلاس کی موثر صدارت اور بجٹ کی منظوری میں کردار پر مبارکباد دی، جبکہ سپیکر نے ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبے: بجٹ میں ترجیح
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ:“بجٹ 2025-26 میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، یہ صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں، بلکہ عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی جماعت ہے اور صوبے میں یکساں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر طبقہ مستفید ہو۔
طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ: "احسان نہیں، حق"
وزیراعلیٰ نے کہا:“طلبہ کو لیپ ٹاپ دینا یا ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرنا کوئی احسان نہیں، یہ ان کا حق ہے جو ہم ادا کر رہے ہیں۔ ہماری پالیسی تعلیم دوست اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر مرکوز ہے۔”انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے اور پہلے سال کی کارکردگی کے بعد رواں سال بھی مزید بہتری لانے کی کوشش جاری ہے۔
سپیکر اسمبلی کا خراجِ تحسین
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔“مریم نواز نے ترقیاتی پراجیکٹس اور فلاحی اقدامات کے ذریعے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی روایات کو کامیابی سے آگے بڑھایا ہے۔”