پنجاب کو سرسبز بنانے کیلئے 4 کروڑ 20 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شجرکاری اور ایگرو فاریسٹری منصوبے کیلئے جامع پلان تیارکرلیاگیا
لاہور (زیڈ این این) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے جامع اور مربوط پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں گرین پروگرام کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری اور ماحول دوست منصوبے شروع کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پلانٹ فار پاکستان انیشی ایٹو کے تحت 50,869 ایکڑ رقبے پر 4 کروڑ 20 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ ایگرو فاریسٹری انیشی ایٹو کے تحت محکمہ جنگلات کی غیر استعمال شدہ 3,790 ایکڑ زمین پر تقریباً 13 لاکھ 75 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔پنجاب کے بڑے شہروں بشمول لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات اور ساہیوال میں سرکاری زمینوں پر شجرکاری کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے ماتحت علاقوں میں یہ مہم پورے سال جاری رکھی جائے گی تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پایا جا سکے۔