سینئر وزیرِ پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فضائی حادثات کی روک تھام کے لیے پرندوں کے گھونسلوں کی نشاندہی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایریئل سرویلنس اسکواڈ کے ذریعے ہوائی نگرانی اور ریکارڈنگ کا عمل جاری ہے تاکہ خطرناک مقامات کی فوری شناخت ممکن ہو سکے۔جاری کردہ بیان میں وزیر نے بتایا کہ تمام غیر محفوظ گھونسلوں کی لوکیشنز ڈیجیٹل نقشوں پر محفوظ کی جا رہی ہیں، اور اگر کسی بھی مقام پر فضائی حادثے کا خطرہ محسوس ہوا تو فوری طور پر گھونسلوں کی صفائی کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ محکمۂ ماحولیات ہوائی اڈوں اور دیگر حساس علاقوں میں پرندوں کے خطرات پر قابو پانے کے لیے ہر وقت الرٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 20 چیلوں اور 30 کوؤں کے گھونسلے مکمل طور پر ہٹا کر ان علاقوں کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔سینئر وزیر نے اس اقدام کو ہوائی سفر کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کی سلامتی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔