برسوں سے ضبط شدہ سونا اور چاندی کلکٹریٹس کی لاکرز میں ہی پڑا ہوا ہے:میڈیا رپورٹ
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان کسٹمز کی مختلف کلکٹریٹس میں اربوں روپے مالیت کا ضبط شدہ سونااور چاندی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کسٹمز کی تمام انفورسمنٹ بشمول ائیر پورٹ کلکٹریٹس کوضبط شدہ سونا اور چاندی کے ڈیٹا کی معلومات جمع کرانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برسوں سے ضبط شدہ سونا اور چاندی کلکٹریٹس کی لاکرز میں ہی پڑا ہوا ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں جمع نہ ہونے کے باعث قومی خزانے میں بھی ظاہر نہیں ہو رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق کسٹمز کلکٹریٹس کی مبینہ نااہلی کی وجہ سے ضبط شدہ سونے اور چاندی کی لاکرز سے تبدیلی اورچوری ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔